کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’’ادھر ہم، ادھر تم‘‘ کا نعرہ لگا کر ملک کو دو لخت کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، سندھ حکومت الزام تراشی کی بجائے اعداد و شمار اور زمینی حقائق سے جواب دے۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے بیان پر ردعمل میں متحدہ ترجمان نے واضح کیا کہ یہ شرجیل میمن کے گھسے پٹے اور روایتی الزامات ہیں،وہ خود اور صوبائی حکومت ماضی کی فرسودہ کہانیاں دہرانے اور الزام تراشی کی بجائے سندھ کے عوام کو صوبے میں اپنی 18 سالہ مسلسل حکمرانی اور کارکردگی کا حساب دیں، عوام کے مسائل کا حل الزامات میں نہیں! بلکہ عملی اقدامات میں پنہاں ہے۔