پشاور /کوئٹہ (عاطف شیرازی/ نمائندہ جنگ) ڈیرہ اسماعیل خان میں امن میلہ کے مقام پر قائم جوائنٹ چیک پوسٹ (جے سی پی) پر خودکش حملے میں پاکستان کسٹمز، ایکسائز اور پولیس کے 15 اہلکاروں کی مبینہ شہادت اور متعدد اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، حملے کے بعد امدادی اور ریسکیو ٹیموں پر بھی دوسرا حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ریسکیو گاڑیوں کے ڈرائیورز بھی زخمی ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں دو خواتین اور ایک دو سال بچہ بھی شامل ہے۔ادھر بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں امن فورس نے چیئرمین ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی کے گھر پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 13 حملہ آور ہلاک کردیئے، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں فورس کا ایک اہلکار شہید جبکہ دو دیگر اہلکار زخمی ہوگئے۔دوسری جانب فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے ضلع لورالائی کی تحصیل دکی کے علاقے نانا صاحب زیارت میں سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر دیا۔ذرائع کے مطابق حملہ آور کیمپ میں موجود 18مزدوروں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔ مسلح افراد نے کیمپ میں موجود تعمیراتی کمپنی کی مشینری اور دیگر سامان کو بھی آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں سامان مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگیا۔دونوں واقعات کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقوں میں کارروائیاں اور سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ مغوی مزدوروں کی بازیابی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔