ملتان(سٹاف رپورٹر)ٖڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایت پرملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں ناقص خوراک کی روک تھام کیلئے متعدد فوڈ پوائنٹس کو چیک کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں چوک ڈبل پھاٹک، مظفرآباد پھاٹک، قاسم پور کالونی میں 3 سویٹس اینڈ بیکرز کو واشنگ ایریامیں گندا پانی جمع ہونے، خوراک کو ڈھانپ کر نہ رکھنے، سٹوریج ایریامیں حشرات کی بھرمارپر 55 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی طرح ڈی ایچ اے شاپنگ ٓرکیڈ میں ریسٹورنٹ کو فریزر کی صفائی نہ ہونے، پانی کے برتنوں کی صفائی نہ ہونے پر 25 ہزار جبکہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ہوٹل کو پانی کا فلٹر نصب نہ ہونے، صفائی کے ناقص انتظامات پر 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ خانیوال میں ڈی ایچ کیو کی کنٹین کو ایکسپائری مشروبات کی فروخت، ناقابل سراغ کریم کی موجودگی پر 15ہزار، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کبیروالا میں کنٹین کو کھانوں میں چائنہ نمک اور کھلے مصالحہ جات کے استعمال پر 15 ہزار روپے، 6بلاک غریب آباد جہانیاں میں سویٹس اینڈ بیکرز کو ایکسپائری سنیکس کی موجودگی، غیرمعیاری سموسہ پٹی برآمد ہونے پر 15 ہزار، فارم روڈ خانیوال میں ملک شاپ کو دودھ کامعیار بہتر نہ ہونے پر 15ہزار جرمانہ عائد کیا گیا۔ مزید وہاڑی میں خانیوال روڈ پر مصالحہ چکی کو صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات کی بھرمارپر 50 ہزار روپے، یو بی ایل بنک والی گلی بوریوالا میں کریانہ سٹور کو فرش کی صفائی نہ ہونے، حشرات کی بھرمار، خوراک کو ڈھانپ کر نہ رکھنے پر 35 ہزار روپے جرمانہ کیاگیا۔ مزید برآں ملتان روڈ مخدوم والی لودھراں میں سویٹس اینڈ بیکرز کو ایکسپائری اشیاء کی فروخت پر 25 ہزار، اڈہ پل 4دنیاپور میں گوشت کو زمین پر سٹور کرنے، آئل تبدیلی ریکارڈ نہ ہونے پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔