• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مضبوط نظام عدل پرامن معاشرے کی ضمانت ہے، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

میرپورخاص(سید محمد خالد/سلیم آزاد)چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفراحمدراجپوت نے کہاہے کہ مضبوط نظامِ عدل ہی ریاست کی سالمیت اور پرامن معاشرے کی ضمانت ہے اورانصاف کی فراہمی میں بارکا کردار انتہائی اہم اور بنیادی حیثیت رکھتا ہے، ریاست کے اتحاد، سالمیت اور معاشرتی امن کیلئے مضبوط نظامِ انصاف ناگزیر ہے۔ وکلاء دیانت داری، سچائی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ اصولوں کے ساتھ فرائض انجام دیں اور عدالت و نظامِ انصاف کا احترام ملحوظ رکھیں۔ وہ ہائی کورٹ بار اورڈسٹرکٹ بارمیرپورخاص کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ نوجوان وکلاء جدید دور کے تقاضوں کے مطابق خود کوتیار کریں اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے اپنی قانونی مہارت اور صلاحیتوں کو اجاگر کریں،’’ریاست کفر کے ساتھ تو قائم رہ سکتی ہے، مگر ظلم کے ساتھ نہیں‘‘ کسی شخص کو اس کے بنیادی حقوق سے محروم کرنا ظلم ہے۔ چیف جسٹس نے میرپورخاص کو تھر کا دروازہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تھر ان کی شناخت اور روح کا حصہ ہے اور اس خطے کے عوام سے ان کی گہری وابستگی ہے۔ تقریب سےہائی کورٹ بار کے صدر شوکت راہموں ایڈوکیٹ اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر قلندر بخش لغاری ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ میرپورخاص میں لیبر کورٹ کا قیام عمل میں لایا جائے اور میرپورخاص کے لیے منظور شدہ اینٹی کرپشن کورٹ کو مستقل بنیادوں پر میرپورخاص میں چلایا جائے تاکہ مقدمات کو جلد نمٹایا جاسکے۔ قبل ازیں چیف جسٹس نے سندھ ہائیکورٹ کی عمارت میں مختلف سہولتوں کی فراہمی کا افتتاح کیا۔ تقریب میں سندھ ہائیکورٹ کے ججز، عدالتی افسران، بار کونسلز کے اراکین اور مختلف بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے شرکت کی جبکہ چیف جسٹس نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔

اہم خبریں سے مزید