لاہور(آئی این پی)پاکستان ریلوے نے 13ایکسپریس مسافر ٹرینوں کو آئوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اشتہار، بولی اور ٹھیکہ دینے سمیت تمام مراحل31دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ریلوے کے تمام خراب اور ناکارہ کوچز و ویگنز کو جلد از جلد قابل استعمال بنانے اور بروقت پرزہ جات فراہم نہ کرنے والے نجی وینڈرز کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی اپنی ترجیح ہے کہ محفوظ ٹرین آپریشن کے لیے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی بھرپور دیکھ بھال کی جائے، اسی مقصد کے تحت متعلقہ افسران کو تمام خراب کوچز اور ویگنز کو آپریشنل حالت میں لانے کا ہدف دیا گیا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ خراب بریک سلنڈرز، بریک بلاکس اور بریک شوز کو نئے پرزہ جات سے تبدیل کیا جائے تاکہ ٹرینوں کی آپریشنل سیفٹی کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ مسافر ٹرینوں اور لگیج وینز کی آئوٹ سورسنگ کا عمل بھی جاری ہے اور 31دسمبر تک مزید 13ایکسپریس مسافر ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کردی جائیں گی۔ اس سلسلے میں اشتہار جاری کرنے سے لے کر ٹھیکہ دینے تک تمام مراحل جلد مکمل کرلیے جائیں گے۔وزیر ریلوے کے مطابق اس وقت 6ٹرینوں کا کمرشل آپریشن نجی شعبے کے ذریعے جاری ہے جبکہ دسمبر تک آئوٹ سورس کی جانے والی ٹرینوں میں سندل ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس، فیض احمد فیض ایکسپریس، فرید ایکسپریس، سکھر ایکسپریس، بابو پسنجر، بلھے شاہ پسنجر، موئن جو دڑو ایکسپریس، لاسانی ایکسپریس، سیالکوٹ ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، بہائوالدین زکریا ایکسپریس اور تیزگام شامل ہیں۔ حنیف عباسی نے بتایا کہ حالیہ سیلاب کے باعث لاہور فیصل آباد ریلوے سیکشن پر متاثر ہونے والے پل کی بحالی کا کام آئندہ دو ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا، جس کے بعد ریلوے ٹریفکبحال کرنے میں مدد ملے گی۔ریلوے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مال بردار ٹرینوں سے حاصل ہونے والی آمدن مسافر ٹرینوں کی آمدن سے تجاوز کرگئی ہے۔