کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پیر کو تھرپارکر کا دورہ کرینگے، جہاں وہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ، تھر کول بلاک ون میں پاکستان کے پہلے کوئلہ خشک کرنے والے یونٹ کا افتتاح کرینگے، اپنے دورے میں چیئرمین کھلی کان کا معائنہ بھی کرینگے جبکہ وہ 100ایکڑ پر مشتمل زرعی تحقیقی رقبے میں کھارے پانی سے چارے کی فصل اگانے کے منصوبے کا بھی دورہ کرینگے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسلام کوٹ پہنچنے کے بعد تھر فاؤنڈیشن کے اسپتال کا دورہ کرینگے، وہ تھر کول بلاک ٹو بھی جائینگے، جہاں انہیں کوئلے کی کان کی توسیع کے تیسرے مرحلے پر بریفنگ دی جائیگی اور اس موقع پر وہ منصوبے کی نقاب کشائی بھی کرینگے، یہاں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مختلف اسٹالز کا معائنہ اور طلبہ، خواتین ملازمین اور مقامی ملازمین سے ملاقات کرینگے۔