اسلام آباد (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے کہاہے کہ حکومت اور اپوزیشن کو کھلے دل کے ساتھ مذاکراتی عمل جاری رکھنا چاہیے، مذاکرات ہی سیاسی مسائل کے حل کا جمہوری راستہ ہیں، اختلافات کے باوجود بات چیت کا دروازہ بند نہیں ہونا چاہیے۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ طویل عرصے بعد حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کا مذاکرات کی میز پر آنا خوش آئند تھا۔ ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہاکہ دونوں فریقین اپنے انداز گفتگو میں نرمی پیدا کریں۔ اسلم غوری نے کہاکہ سیاسی کشیدگی کا خاتمہ مذاکرات اور باہمی مفاہمت سے ہی ممکن ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، حکومتی رویہ میں لچک کا مظاہرہ کرے۔ اسلم غوری نے کہاکہ مذاکرات میں پیش رفت کے لیے لچک اور سیاسی بصیرت کا مظاہرہ ضروری ہے۔