کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی مرکزی کمیٹی کے اراکین کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اور کراچی پولیس شہر کے غیور تاجروں کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے! بھتہ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر نے تاجر برادری کا جینا محال کر رکھا ہے۔کراچی کے غریب و محنت کش تاجروں کو ذہنی اذیت و خوف کے اس ماحول سے نجات دلائی جائے، بصورتِ دیگر ایم کیو ایم تاجر برادری کے حقوق اور تحفظ کے لیے ہر جمہوری اور آئینی فورم پر بھرپور آواز اٹھانے سے دریغ نہیں کرے گی۔ ایم کیو ایم مرکزی کمیٹی کے اراکین نے پاک کالونی، ماربل مارکیٹ کے تاجروں کے احتجاج، محض 15روز میں بھتہ خوری اور فائرنگ کے متعدد دل خراش واقعات اور شہرِ قائد میں بڑھتی ہوئی بدامنی کی لہر پراظہار تشویش کرتے ہوئے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ آل کراچی ماربل ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پاک کالونی، ماربل مارکیٹ میں تاجروں کا کاروبار بند کر کے سراپا احتجاج بننا واضح کرتا ہے کہ جب تک تاجروں کو پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مکمل سیکورٹی اور تحفظ کی یقین دہانی نہیں کرائی جاتی تب تک کاروباری مراکز کی بندش اور احتجاج کا یہ سلسلہ حق بجانب ہے۔