• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کا پاکستان، بھارت سمیت 11ایشیائی ممالک سے تعلقات کا جائزہ

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) امریکا کا پاکستان، بھارت سمیت 11ایشیائی ممالک سے تعلقات کا جائزہ، نئی دہلی میں امریکی سفیروں اور مشن سربراہان کی اہم کانفرنس، پاکستان میں ناظم الامور نٹالی بیکر بھی شریک، سفیروں کا علاقائی سلامتی، معیشت اور سفارتی ترجیحات پر تبادلہ خیال، مارکو روبیو نے ویڈیو لنک شرکت کی۔ امریکا نے جنوبی اور وسطی ایشیا کے 11ممالک، جن میں پاکستان اور بھارت بھی شامل ہیں، میں تعینات اپنے سفیروں اور مشن کے سربراہان کی نئی دہلی میں ہونے والی کانفرنس کے دوران اپنے دوطرفہ تعلقات اور خطے میں موجود مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ یہ عمل امریکی سفیر برائے بھارت سرجیو گور کی میزبانی میں ہونے والی اعلیٰ سطح کی علاقائی سفارتی مشاورت کے ذریعے انجام دیا گیا۔باسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی سربراہ اور یہاں سفارت خانے کے امور کی نگرانی کرنے والی اعلیٰ ترین سفارت کار نٹالی اے بیکر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کانفرنس میں شرکت کے بعد اسلام آباد واپس آگئی ہیں۔ دی نیوز/جنگ سے گفتگو کرنے والے سفارتی ذرائع نے اتوار کی شام بتایا کہ امریکی سفیروں اور مشن کے سربراہان نے علاقائی ترجیحات، سلامتی اور اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس اہم اجلاس میں جنوبی اور وسطی ایشیا کے امور سے متعلق امریکی بیورو کے تحت پاکستان، بنگلہ دیش، مالدیپ، نیپال، سری لنکا، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان، بھارت اور ازبکستان میں تعینات امریکی سفارتی قیادت نے شرکت کی۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے علاقائی کانفرنس میں شرکت کی اور سفیروں و مشن کے سربراہان سے گفتگو کی۔ انہوں نے خطے میں امریکی سفارتی، سکیورٹی اور تجارتی اہداف کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔

اہم خبریں سے مزید