پشاور (صباح نیوز) سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور لانگ مارچ کا ارادہ چھوڑ کر قافلے سمیت واپس اپنی رہائشگاہ پہنچ گئے۔ علی امین گنڈاپور یارک ٹول پلازہ سے واپس روانہ ہوئے، ڈیرہ اسماعیل خان پہنچنے پر انہوں نے کہا کہ ہم قانون ہاتھ میں نہیں لیں گے۔ انہوں نے لانگ مارچ میں شرکت کے لیے گنڈی چوک پہنچنا تھا لیکن یارک ٹول پلازہ کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر جاری آڈیو بیان میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ آج جب ہم روانہ ہوئے تو ہمیں پولیس نے روک لیا اور کہا کہ آپ لوگوں کو جانے کی اجازت نہیں ہے، دفعہ 144 نافذ ہے۔ جس پر ہم نے اپنی انتظامیہ سے رابطہ کیا، وزیراعلی سیکرٹریٹ سے رابطہ کیا۔ وزیراعلی چونکہ خودلانگ مارچ میں ہیں تو ان سے ہمارا رابطہ نہیں ہوا لیکن باقی جو رابطے ہوئے تو اس میں انہوں نے ہمیں صاف کہہ دیا کہ یہ دفعہ144 تین دن کے لیے ہے، اس کے بعد ہم وہاں پر بیٹھے رہے، انتظار کرتے رہے کہ کوئی لائحہ عمل آ جائے،کیونکہ ہمیں لائحہ عمل دیا گیا تھا کہ آپ نے بالکل قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا، پرامن رہنا ہے،کسی طرح کا تصادم نہیں کرنا اور پرامن رہنا ہے اور یہ ہدایت ہمیں وزیراعلی سے اور پارٹی کی طرف سے ہمیں آئی تھی۔