مٹھی (رپورٹ: عبد الغنی بجیر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کی منطق سمجھ میں نہیں آتی، اسلام آباد ناکام ہوچکا ہے تو اسے تھر والوں کے حوالے کردیں، صیہونیت کی سیاست سندھ میں لانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی، ایک سیاسی یتیموں کی جماعت کراچی میں نفرت سیاست کرتی ہے، نفرت کی سیاست ختم کر دینگے، کچھ عناصر کو تھر کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، تھر کے بچوں کو ایم ڈی کیٹ امتحان میں ٹاپ کرنے پر مبارکباد پیش کرتاہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھرکول بلاک ٹو پر فیز تھری کان کنی توسیع منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تھر اب معاشی سرگرمیوں اور مواقع کے مراکز میں تبدیل ہوگیا ہے،فیز تھری سے کوئلے کی پیداوار بڑھ گئی، بجلی کی پیداوار کی لاگت میں سالانہ تقریباً 15 ارب روپے اور ہر سال تقریباً 22 کروڑ ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے، جبکہ منصوبے کے آغاز سے اب تک مجموعی زرمبادلہ کی بچت 1.7 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے،اسلام کوٹ میں 50 بستروں پر مشتمل ماں اور بچے کا اسپتال ایک سال کے اندر مکمل کرلیا جائیگا۔ بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ تھرپارکر میں ہر لحاظ سے غیر معمولی ترقی ہوئی ہے اور آج پورا پاکستان حیران ہو رہا ہے کہ تھر کہاں سے کہاں پہنچ گیا ہے۔