کراچی( ثاقب صغیر )این سی سی آئی اے کراچی نے غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 33 افراد کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کراچی زون نے میٹروپول ہوٹل کے قریب شفیع کورٹ سول لائنز میں " (Callion)" کے نام سے چلنے والے ایک غیر قانونی اسکیم کال سینٹر پر چھاپہ مارا۔این سی سی آئی اے کے مطابق مذکورہ کال سینٹر مبینہ طور پر امریکی شہریوں کا ذاتی ڈیٹا غیر قانونی ذرائع سے حاصل کرنے اور اسے استعمال کرنے میں ملوث تھا۔ کال سینٹر کے آپریٹرز مبینہ طور پر مختلف امریکی بینکوں کے نمائندوں اور ایجنٹس کے طور پر خود کو ظاہر کرکے امریکی شہریوں سے رابطہ کرتے اور انہیں دھوکہ دینے کی کوشش کرتے تھے۔ اس دوران ان کے بینک اکاؤنٹس اور کریڈٹ کارڈز سے غیر قانونی طور پر رقوم حاصل یا وصول کی جاتی تھیں۔چھاپے کے دوران 33 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں کال سینٹر کے مبینہ مالکان علی جیسنانی اور واجد ریاض بھی شامل ہیں۔ گرفتار افراد میں مبینہ طور پر کلازرز، سپر ایجنٹس، فلور مینیجرز اور کالنگ ایجنٹس بھی شامل ہیں جو کال سینٹر کے روزمرہ آپریشنز میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔