کراچی (اسٹاف رپورٹر)سی ٹی ڈی کراچی اوروفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد فضل حق خان ولد کمین کوگرفتارکرکے اس کے قبضے سے دستی بم برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی آپریشن کراچی اوروفاقی حساس ادارے کی مشترکہ ٹیم کو مبینہ طور پر اطلاع موصول ہوئی کہ کالعدم دہشت گرد تنظیم فتنۃ الہندوستان (BRG) سے تعلق رکھنے والا ایک تربیت یافتہ دہشت گرد اپنے غیر ملکی ہینڈلر کی ہدایات پر کراچی میں موجود ہے ،گرفتاردہشتگرد بارودی مواد کے ذریعے شہر کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاترکونشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہا تھا،گرفتار دہشتگرد پڑوسی ملک سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کر چکا ہے۔ دہشتگرد کے دیگر ساتھیوں، سہولت کاروں اور مالی معاونین کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے سی ٹی ڈی آپریشن کراچی اور وفاقی حساس اداروں کی مشترکہ ٹیمیں تحقیقات اور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں،کارروائی میں حصہ لینے والی ٹیم کی پیشہ ورانہ خدمات کوسراہتے ہوئے اعلیٰ حکام نے اہلکاروں کے لیے تعریفی اسناد اورنقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔