• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوڈ شیڈنگ ناقابل برداشت، کے الیکٹرک سفید ہاتھی بن چکا، منعم ظفر خان

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ادارہ نورحق میں کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈ شیڈنگ میں اضافے کراچی کے تباہ حال انفرا اسٹرکچر اور دیگر عوامی مسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ناقابل برداشت ہوچکی ہے، کے الیکٹرک مافیا سفید ہاتھی بن چکا ہے، کے پی میں گورنر راج، ایمرجنسی مسائل کا حل نہیں، سیاسی عمل بڑھنے کا موقع دیا جانا چاہیے تھا ، تمام فریقین کو پُرامن اور جمہوری ذرائع اختیار کرنے چاہییں، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں بجلی، پانی، تباہ حال انفرااسٹرکچر، اسٹریٹ کرائمز اور تعلیم سمیت بنیادی شہری مسائل مسلسل بڑھ رہے ہیں لیکن حکومت اور متعلقہ ادارے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں، کے الیکٹرک کی طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، بعض علاقوں میں 18,18گھنٹے بجلی بند رہتی ہے، جبکہ بجلی کے پورے بل ادا کرنے والے صارفین بھی لوڈشیڈنگ سے محفوظ نہیں، جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور کے الیکٹرک کی زیادتیوں کے خلاف عوامی احتجاج بھی کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں دہشت گردی کا تدارک قومی سلامتی کے اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، جنہیں اس حوالے سے مؤثر اقدامات کرنے چاہییں، کراچی میں تعلیم کا شعبہ بھی شدید مسائل کا شکار ہے، حالیہ ایم ڈی کیٹ امتحانات میں بدانتظامی اور شفافیت کے حوالے سے طلبہ کے تحفظات دور کیے جانے چاہییں، منعم ظفر خان نے کراچی یونیورسٹی کے شعبہ قانون میں ایل ایل بی کے تقریباً 150 طلبہ کے نتائج سے متعلق معاملے پر بھی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید