• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سروس رولز میں تبدیلی کیلئے ایس این جی ڈی کو مراسلہ، سپلا کو تحفظات

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا) کی ہائی پاور کمیٹی کا اہم اجلاس مرکزی صدر منور عباس کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ کالج ایجوکیشن کی جانب سے سروس رولز میں تبدیلی کے لیے ایس این جی ڈی کو بھیجے گئے مراسلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اس مراسلے کے تحت اکیڈمک ایڈمنسٹریشن میں کالج اساتذہ کی بجائے نان ٹیچنگ اسٹاف کو گریڈ 17، 18 اور 19 میں تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپلا کے مرکزی صدر منور عباس نے کہا کہ "سندھ بھر کے کالج اساتذہ اس فیصلے کو ʼکالا قانونʼ اور اکیڈمک انتظامیہ پر براہِ راست حملہ تصور کرتے ہیں۔ یہ فیصلہ تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے درمیان کشیدگی پیدا کرنے کی ایک گہری سازش ہے۔"شرکائے اجلاس نے اس صورتحال کا ذمہ دار ڈپٹی سیکرٹری لیاقت منگی اور ایس او عرفان میمن کو قرار دیتے ہوئے ان کے محکمہ کالج ایجوکیشن سے فوری تبادلے کا مطالبہ بھی کیا۔ اس کے ساتھ ہی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے اس معاملے میں فوری مداخلت کی اپیل کی گئی۔ اجلاس میں تنظیم کے مرکزی رہنماؤں پروفیسر مشتاق احمد، محمد عدیل خواجہ، غلام مصطفیٰ کاکا، خرم رفیع، شبانہ افضل، سکھر ریجن کے صدر ڈاکٹر ملہار سندھی، جنرل سیکرٹری غفران اللہ بلوچ، حیدرآباد ریجن کے صدر عبدالحلیم درس، جنرل سیکرٹری غلام مرتضیٰ سولنگی، کراچی ریجن کے صدر آصف منیر اور جنرل سیکرٹری نہال اختر نے شرکت کی۔احتجاجی تحریک کا جدول (Schedule)ہائی پاور کمیٹی (HPC) نے سروس رولز میں اس متنازعہ تبدیلی کے خلاف احتجاجی تحریک کا متفقہ فیصلہ کیا ہے، جس کی تفاصیل درج ذیل ہیں: * 15 اکتوبر: سپلا کراچی ریجن کے زیرِ اہتمام سندھ سیکریٹریٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا۔ * 20 اکتوبر: سکھر ریجن میں احتجاجی مظاہرہ۔ * 21 اکتوبر: لاڑکانہ ریجن میں احتجاج۔ * 22 اکتوبر: بینظیر آباد ریجن میں احتجاج۔ * 23 اکتوبر: میرپور خاص ریجن میں احتجاج۔ * 26 اکتوبر: حیدرآباد ریجن میں بھرپور احتجاجی مظاہرہ۔ * 27 اکتوبر سے: اگر متنازعہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو سندھ بھر کے تمام کالجوں میں تدریسی عمل کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ سپلا کے رہنماؤں نے متنازعہ فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔انتخابی امور اور دیگر فیصلےاجلاس میں سپلا کے جاری انتخابات میں اساتذہ کے بھرپور جوش و خروش کو سراہا گیا۔ علاوہ ازیں، بعض متنازع افراد کی جانب سے رکنیت سازی کے لیے مرکزی سیکرٹری جنرل کو دی گئی درخواستوں پر اہم فیصلے کیے گئے اور چیئرمین الیکشن کمیشن کو بھیجی جانے والی سفارشات کی بھی منظوری دی گئی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید