کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پیپلز اسکائی ویو منصوبہ کی تکمیل میں تاخیر کی وجوہات اور استعمال ہونے والے تعمیراتی مٹیریل کی رپورٹ طلب کر لی گئی، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی زین العابدین انصاری نے سرجانی ٹاؤن شپ میں حکومت سندھ کے تعاون ست زیرِ تعمیر پیپلز اسکائی ویو منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا، انہوں نے سائٹ آفس اور اس سے متصل ماڈل فلیٹ کا معائنہ کرتے ہوئے جاری تعمیراتی سرگرمیوں، کام کی رفتار اور تعمیراتی معیار کا جائزہ لیااس موقع پر ڈی جی نے کہا کہ حکومت سندھ کے تعاون سے شروع کیا جانے والا پیپلز اسکائی ویو منصوبہ سرجانی ٹاؤن سمیت کراچی کے شہریوں کو کم لاگت پر رہائشی سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اس منصوبے کی تعمیر کے ڈی اے کی نگرانی میں جاری ہے، جس میں ادارے کے ماہر انجینئرز اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے خدمات انجام دے رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ معیاری اور مناسب قیمت پر رہائش کی فراہمی شہریوں کی ایک اہم ضرورت ہے، پیپلز اسکائی ویو منصوبے کی تکمیل سے سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر 7-B میں شہریوں کو کم لاگت رہائشی سہولت میسر آسکے گی۔