• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر و وزیراعظم کے پی حکومت فوری بحال کریں، سندھ ہائی کورٹ بار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ بار نے آج یوم سیاہ منانے کا اعلان اور غیرجمہورتی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے صدر و وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کے پی حکومت فوری بحال کریں۔صدر سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے قانونی برادری سےیکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی کے صدر حسیب جمالی ایڈووکیٹ نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ اور عوام کے بنیادی حقوق کو مجروح کرنے والے غیر جمہوری اقدامات کو اپنانے پر شدید افسوس اور مذمت کرتی ہے۔ ہم پختہ یقین رکھتے ہیں کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی جمہوری حق ہے اور کسی کو بھی اس آئینی حق سے محروم نہیں کیا جانا چاہئے۔ کوئی بھی ایسا عمل جو پرامن مظاہروں پر قدغن لگاتا ہو، عوام کی آواز کو دباتا ہو یا جمہوری اصولوں کو مجروح کرتا ہو اسے مسترد کرتے ہیں اور صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر معمولات کو بحال کریں، آئین کو برقرار رکھیں، عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کریں اور جمہوریت کو اس کی حقیقی روح میں بحال کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن پیر 12 اکتوبر 2026 کو (آج) یوم سیاہ منائے گی اور قانونی برادری کے اراکین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنی یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور غیر جمہوری اقدامات کی شدید مذمت کریں۔سندھ ہائی کورٹ بار جمہوریت، قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کے لئے مضبوطی سے کھڑی ہے۔

ملک بھر سے سے مزید