• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا میں گورنر راج عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے، زین شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے کنوینر سید زین شاہ نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی منتخب حکومت کو ختم کرنا وہاں کے عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کی توہین ہے۔ منتخب وزیرِاعلیٰ کو گرفتار کرنا عوامی مینڈیٹ، آئین اور جمہوری اقدار پر سنگین حملہ ہے۔ ہم وزیراعلیٰ سہیل احمد آفریدی کی گرفتاری اور منتخب حکومت کے خاتمے کی پُرزور مذمت کرتے ہیں۔ سید زین شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ کیا اس ملک میں کوئی کہہ سکتا ہے کہ آئین اور قانون کا راج ہے؟ یہ صیہونی راج ہے، جس میں طاقت کے بل بوتے پر حکومت کی جا رہی ہے، لیکن ان راجکماروں کو عوام کی طاقت کا اندازہ نہیں۔ سید زین شاہ نے کہا کہ جمہوری روایات کو زندہ رکھنے کے بجائے اقتدار کے نشے میں دھت لوگ پُرامن شہریوں اور اپنے آئینی و قانونی حقوق کا مطالبہ کرنے والوں کے خلاف تشدد اور گرفتاریوں کا سہارا لے رہے ہیں، لیکن انہیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ایک دن راج خلقِ خدا کا ہوگا۔ ہمارا ایمان ہے کہ گفت و شنید کے ذریعے پُرامن ماحول اور سیاسی استحکام پیدا کیا جاتا ہے، نہ کہ تشدد اور نفرت کے ذریعے۔ خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنا عوام کے بنیادی حقوق پر ضرب لگانے کے مترادف ہے، جس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔

ملک بھر سے سے مزید