اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے ساتھ ہی صوبے میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پولیس سروس آف پاکستان کے افسران کے بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کئے ہیں،بیورو کریسی میں اکھاڑ پچھاڑ کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کے چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ کو فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن اور وزارت قومی صحت ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو خیبرپختونخوا کا نیا چیف سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، گریڈ 21 کے اکرام اللہ اور عنبر علی خان، گریڈ 20 کے شاہد اللہ اورسہیل خان، گریڈ 19 کے شاہ فہد، کیپٹن ریٹائرڈ میاں عادل اقبال، محمد عثمان، کیپٹن ریٹائرڈ سرمد سلیم اکرم اور شفیع اللہ خان، گریڈ 18 کے کیپٹن ریٹائرڈ زبیر خان،وقار علی، کیپٹن ریٹائرڈ ثناء اللہ خان، محمد احتشام الحق اور محمد فہیم کا خیبرپختونخوا سے تبادلہ کر کے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، علاوہ ازیں، وزیراعظم آفس میں تعینات ایڈیشنل سیکریٹری محمد یحییٰ خانزادہ کی خدمات خیبرپختونخوا حکومت کے سپرد کی گئی ہیں، پنجاب حکومت میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، گریڈ 19 کے خواجہ محمد سکندر ذیشان ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کوئٹہ سے میجر ریٹائرڈ اورنگزیب بدانی کا بھی خیبرپختونخوا حکومت تبادلہ کیا گیا ہے، مزید برآں، خیبر پختونخوا حکومت میں تعینات متعدد پولیس سروس آف پاکستان کے افسروں کے تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں، پولیس سروس، گریڈ 20 کے ہمایوں مسعود سندھو، فصیح الدین، عرفان طارق اور گریڈ 18 کے عمران خان کو اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ پولیس سروس، گریڈ 18 کے پنجاب حکومت سے سعد آفریدی، بلوچستان سے اعتزاز عارف، اسلام آباد سے پری گل اور سندھ سے لیفٹیننٹ کمانڈر ریٹائرڈ کاشف آفتاب عباسی کو خیبرپختونخوا حکومت میں تعینات کیا گیا ہے۔