• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا کی گیارہ رکنی عبوری کونسل میں کس کو کیا محکمہ ملا ؟؟؟

اسلام آباد (رانا غلام قادر) خیبر پختونخوا کی گیارہ رکنی عبوری کونسل میں کس کو کیا محکمہ ملا ؟ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی سربراہی میں قائم 11 رکنی خصوصی ایڈوائزری کونسل میں انتظامی، معاشی، قانونی، سیاسی، تعلیمی اور طبی شعبوں سے وابستہ تجربہ کار شخصیات شامل ہیں۔خصوصی ایڈوائزری کونسل میں دو سابق چیئرمین ایف بی آر، سابق سینیٹر، سابق ایڈووکیٹ جنرل، سابق آئی جی اور پاک فوج کی سابق سرجن جنرل بھی شامل ہیں۔ کونسل کے ارکان کو مالیات، توانائی، منصوبہ بندی، قانون، صنعت و تجارت، اطلاعات، تعلیم، صحت، معدنیات، داخلہ اور دیگر اہم شعبوں کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔سابق نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر سید عامر عبداللہ تعلیم، سابق چیئرمین ایف بی آر طارق محمود پاشا مالیات، ریونیو، ایکسائز اور ٹیکسیشن جبکہ سابق سینیٹر عثمان سیف اللہ خان توانائی، بجلی، منصوبہ بندی اور ترقی کے امور دیکھیں گے۔سابق ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا عامر جاوید قانون و پارلیمانی امور، عوامی نیشنل پارٹی کی سابق صوبائی سیکریٹری اطلاعات سمر ہارون بلور اطلاعات و نشریات جبکہ سابق چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد ارشاد صنعت و تجارت کے شعبے میں مشاورت فراہم کریں گے۔جامعہ اشرفیہ پشاور کے پرنسپل اور مذہبی اسکالر مولانا محمد طیب قریشی اوقاف و مذہبی امور کی ذمہ داریاں دیکھیں گے، جبکہ پاک فوج کی سابق سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نگار جوہر خان صحت کے شعبے میں مشاورت فراہم کریں گی۔سابق چیئرمین فاٹا ٹربیونل کفایت اللہ خان داخلہ و قبائلی امور، معاشیات میں پی ایچ ڈی کے حامل ڈاکٹر سرفراز علی شاہ معدنیات و کان کنی جبکہ سابق نگران صوبائی وزیر آصف رفیق آفریدی مواصلات و تعمیرات، بلدیات، ہاؤسنگ اور ٹرانسپورٹ کے امور دیکھیں گے۔خصوصی ایڈوائزری کونسل کا مجوزہ کردار صوبے کے اہم انتظامی، معاشی اور ترقیاتی معاملات پر مشاورت فراہم کرنا، مختلف شعبوں میں اصلاحات کے لیے تجاویز پیش کرنا اور عوامی خدمات کی بہتری میں معاونت کرنا ہے۔ کونسل میں سابق اعلیٰ سرکاری افسران، سیاسی شخصیات اور مختلف شعبوں کے ماہرین کی شمولیت کا مقصد صوبے کے معاملات میں تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنا ہے۔

اہم خبریں سے مزید