ملتان (سٹاف رپورٹر) غیر معیاری خوراک کی روک تھام کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں متعدد فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد، 30 کلو مضر صحت گوشت، 50 کلو ممنوعہ اور غیر معیاری خوراک، 70 ساشے ممنوعہ گٹکا تلف کردیاگیا، تفصیلات کے مطابق ملتان میں بیکریز، ہوٹلز، ناشتہ پوائنٹس سمیت 7 فوڈ پوائنٹس کو حشرات کی بھرمار، گندے فریزر میں خوراک کی سٹوریج، خوراک کو ڈھانپ کر نہ رکھنےپر 1 لاکھ 65 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، کارروائیاں ناگ شاہ چوک، خانیوال روڈ، کوٹلہ ٹولے خان سلی خانہ چوک، 60 فٹی روڈ، شالیمار کالونی، علی چوک اور سی بلاک بودلہ ٹاؤن میں کی گئیں،اسی طرح محسن وال میاں چنوں میں بیکری، سنگلانوالا چوک میں معروف ہوٹل، مولوی ہدایت اللہ روڈ خانیوال میں ناشتہ پوائنٹ، مخدوم پور چونگی کبیروالا میں ہول سیل پوائنٹ اور بلال کالونی میں بیکری کو خوراک میں ٹوٹے انڈوں کا استعمال، ناقابل سراغ خام اجزاء برآمد ہونے، کھانوں میں چائنہ نمک کا استعمال کرنے، حشرات کی بھرمار اور صفائی کے ناقص انتظامات پر مجموعی طور پر1 لاکھ 75 ہزار روپے ،چونگی نمبر 5 بوریوالا میں ٹانگری یونٹ کو صفائی کے ناقص انتظامات پر 15 ہزار، وہاڑی بازار بوریوالا میں ہوٹل کو سٹوریج ایریا میں حشرات اور صفائی کے ناقص انتظامات پر 15 ہزار، اڈہ پیر مراد، سبزی منڈی چوک میلسی اور 11 میل میں 3 کریانہ سٹورز کو ایکسپائری اشیاء اور ممنوعہ گٹکا فروخت کرنے پر 20، 20ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔