ملتان( سٹاف رپورٹر ) جمعیت علماءپاکستان نورانی کے زیر اہتمام منعقدہ 27 ویں سالانہ کل جماعتی تاجدار ختم نبوتؐکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ عقیدۂ ختم نبوتؐ اسلام کے بنیادی عقائد میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، منکرین ختم نبوتؐ کے عقائد و نظریات کا علمی محاسبہ اور نئی نسل کو ان کے تاریخی و فکری پس منظر سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اس مقصد کے لیے آئین و قانون کی حدود، دلیل، تحقیق اور پرامن علمی جدوجہد کو بنیادی ذریعہ بنایا جانا چاہیے، کانفرنس سے مرکزی صدر جمعیت علماء پاکستان نورانی ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نسل نو کو اسلامی عقائد کے ساتھ آئینی شعور، قومی ذمہ داری اور مثبت طرزِ فکر سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے، تاکہ نوجوان جذبات کے بجائے علم، دلیل اور کردار کے ذریعے معاشرے کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال سکیں، انہوں نے کہا کہ عقیدۂ ختم نبوتؐ کے تحفظ کی جدوجہد کو علمی استدلال، آئینی شعور اور اجتماعی وحدت کے ساتھ آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، انہوں نے زور دیا کہ مذہبی و قومی معاملات میں ذمہ دارانہ گفتگو معاشرے میں فکری پختگی اور باہمی احترام کو فروغ دیتی ہے، کانفرنس سے مولانا سید عطاء المنان بخاری ، سید انوار الزمان شاہ کاظمی، مولانا محمد آصف معاویہ سیال و دیگر نے بھی خطاب و شرکت کی۔