کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل منگل کی شام پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ابتدائی دونوں میچ جیتنے کے بعد پاکستانی ٹیم پاکستان سیریز میں وائٹ واش کے لئے فیورٹ ہے۔ اس سال کے شروع میں پاکستان نے آسٹریلیا کو ہوم گرائونڈ پر تین صفر سے شکست دی تھی۔ یہ پاکستانی ٹیم کا2026 میں آخری ٹوئنٹی انٹرنیشنل ہوگا۔ اگلے سال بھی پچاس اوور کے ورلڈ کپ کی وجہ سے کوئی ٹی ٹوئنٹی سیریز شیڈول نہیں ہے۔ نئے کپتان صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں پاکستان نے پہلا میچ چار وکٹ اور دوسرا 82رنز سے جیتا تھا۔ صاحبزادہ فرحان کا کہنا ہے کہ سیریزشروع ہونے سے پہلے مختلف کرکٹ کھیلنے کا مائنڈ سیٹ بنایا تھا ۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ جب بھی کھیلوں گا، جارحانہ انداز میں کھیلوں گا ۔ مجھے پتہ ہے کے میرے بعد معاذ، حسن، صائم آتے ہیں اس لیے اٹیکنگ شاٹس کھیلی ۔ معاذ صداقت انڈر 16، انڈر 19 کے پراسس سے آیا ہے، بہت زبردست کھیل رہا ہے ۔ محمد عمران رندھاوا ڈومیسٹک پرفارمر ہے، تسلسل سے ایک جگہ بولنگ کروا سکتا ہے ۔ یاد رہے کہ سری لنکا کے خلاف دوسرے میچ میں معاذصداقت نے 51 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور صاحبزادہ فرحان نے 44 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ معاذ نے پہلے میچ میں 50اورفرحان نے89رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ بولنگ میں محمد عمران رندھاوا نے گیارہ رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے وہ دو میچوں میں 5 وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔ پاکستان نے اپنی اننگز کے آخری 12 اوورز میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹ پر 215 رنز کا زبردست مجموعہ ترتیب دیا۔ پاکستان نے اننگز کے آخری 12 اوورز میں ہی 156 رنز بٹورے، جس میں صداقت اور فرحان کے درمیان 73 رنز کی شراکت داری کے بعد صداقت اور حسن نواز کے مابین 72 رنز کی برق رفتار شراکت داری شامل تھی۔ اس کے جواب میں سری لنکا کی بیٹنگ انتہائی مایوس کن رہی۔ 11ویں اوور تک ان کی 5 وکٹیں صرف 64 رنز پر گر چکی تھیں۔ سیریز برابر کرنے کی ان کی امیدوں پر فاسٹ بولرز محمد عمران اور سلمان مرزا نے پانی پھیر دیا ۔ سری لنکا کی ٹیم بمشکل 7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز ہی بنا سکی۔ دوسرے میچ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ یہ پاکستان کا اپنی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے 2021 میں کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 وکٹوں پر 208 رنز بنائے تھے۔ مجموعی طور پر یہ پاکستان کا دوسرا بڑا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اسکور بھی ہے۔ قومی ٹیم نے 2021 میں ناٹنگھم میں انگلینڈ کے خلاف 6 وکٹوں پر 232 رنز بنائے تھے۔