ڈربن (جنگ نیوز) آسٹریلیا نے ڈربن ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے گھر گھیرا تنگ کردیا ۔ چوتھے روز کھیل ختم ہونے پر میزبان ٹیم نے 421 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چار وکٹوں پر 102 رنزبنائے تھے ، اسے کامیابی کیلئے مزید 319 رنز درکار ہیں۔ ایڈن مارکرم 45اور ویان مولڈر پانچ رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ آسٹریلیا کے میٹ رینشا نے پہلی اننگز میں 190 اور بعد دوسری باری میں82رنز بنائے ۔ انہوں نے دوسری اننگز میں جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما کو آؤٹ کرکے اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ بھی حاصل کی۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں390رنز بنائے تھے، جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 284 رنز پر آؤٹ ہوئی ۔ آسٹریلیا نے دوسری اننگز چھ وکٹوں پر314رنز بناکر ڈکلیئر کی۔ نک میڈنسن نے 48، مارنس لبوشین نے 37، کپتان پیٹ کمنز نے صرف 12 گیندوں پر32اور بیو ویبسٹر نے ناٹ آؤٹ39رنز بنائے۔ اسٹیو اسمتھ کے ہیلمٹ پر گیند لگنے کے بعد انہیں کنکشن پروٹوکول کے تحت جانچا گیا۔