• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکہ معاہدہ، ذمہ داریاں پوری کریں گے، ممکنہ فوجی ردعمل سیکورٹی اداروں کا دائرہ کار، حوثی حملوں کی مذمت، دفتر خارجہ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریگا، ممکنہ فوجی ردعمل سیکورٹی اداروں کے دائرہ کار ہیں آتے ہیں، پاکستان ریاض کے کنگ خالد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر حوثی حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے اور سعودی عرب کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کیلئے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتا ہے، بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہیں پاکستان اپنی علاقائی خودمختاری اور سالمیت کا دفاع کرنے اور کسی بھی جارحیت کا مناسب جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ جمعہ کو وزارت خارجہ میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ سفیر سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب پر جاری حملوں پر گہری تشویش ہے اور حوثی ملیشیا کے تازہ ترین دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہری آبادی اور اہم انفراسٹرکچر پر حملے ناقابل قبول ہیں جو کہ علاقائی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ریاض ایئرپورٹ پر حملے میں ایک پاکستانی شہری جاں بحق اور دیگر زخمی ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ہفتے یمن میں ایک پاکستانی ڈرائیور جاں بحق ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا رکن ہے اور مکمل طور پر اس معاہدے میں شامل ہے، وہ معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریگا ،سعودی عرب کو اپنے اور اپنی خودمختاری کا دفاع کرنے کا حق حاصل ہے۔

اہم خبریں سے مزید