• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عسکری ادارے خیبرپختونخوا میں کان کنی معاہدے حاصل کرنے کی کوشش نہیں کررہے، وزیر دفاع

اسلام آباد (طاہر خلیل، نمائندہ خصوصی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے کہ عسکری ادارے خیبر پختونخوا میں کان کنی (مائننگ) کے معاہدے حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت نے خیبر پختونخوا میں معدنیات نکالنے کیلئے ہزاروں لائسنس جاری کیے، جن میں پی ٹی آئی کے رہنما اور امریکا میں مقیم افراد بھی شامل ہیں، طلال چوہدری نے کہا مجھے افسوس ہے، ہمیں توقع نہیں تھی کہ مولانا فضل الرحمان صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت نہ ہونے کی صورت میں اپنا حصہ مانگیں گے۔طارق فضل چوہدری نے ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کو معدنی وسائل پر قبضے سے جوڑنا افسوسناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خاص طور پر ان دعووں کو مسترد کر دیا کہ فوج نے خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل کا کنٹرول سنبھال لیا ہے یا وہ ان پر قبضہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پی ٹی آئی کے رہنما کہا کرتے تھے کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کو مولانا کہنا گناہ ہے لیکن اب وہی رہنما کہتے ہیں کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ مولانا ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاک فوج کے اہلکاروں کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا۔

اہم خبریں سے مزید