پشاور(نمائندہ جنگ)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اگر گورنر راج حرام ہے تو ایل ایف او کی حمایت کرنا اور اسٹیبلشمنٹ سے زمینیں لینا حلال تھا؟ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ ان کے بغیر کوئی حکومت نہ بن سکتی ہے اور نہ چل سکتی ہے، لیکن موجودہ حکومت بن بھی گئی ہے اور چلے گی بھی، معدنیات ہوتے ہی نکالنے کیلئے ہیں، ہم ان کو نکالیں گے،معدنی وسائل سے استفادہ کیا جائے گا تو عوام خوشحال ہوں گے ،تحریک انصاف رہنماؤں کا کمروں میں بند ہوکر الزامات لگانا درست طرز عمل نہیں، پشاور اور اسلام آباد کے فاصلے اب ختم ہوجائیں گے۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام ہماری پہلی ترجیح ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے پولیس پر بھاری سرمایہ کاری کی جائے گی جبکہ 10 سے 12 شورش زدہ اضلاع کو امن کے حوالے سے ماڈل اضلاع بنایا جائے گا۔