کراچی ( ثاقب صغیر )تھائی لینڈ کے راستے یورپ میں پناہ حاصل کرنے کے ممکنہ ارادے کا انکشاف،ایف آئی اے نے ہم جنس شادی کے ارادے پر 2مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے امیگریشن جانچ پڑتال کے دوران تھائی لینڈ جانے والے دوپاکستانی مسافروں شاہد اور خلیل جو کہ مظفرگڑھ اور سیالکوٹ کے رہائشی ہیں کو ان کے سفری مقصد اور ممکنہ طور پر آگے یورپ جانے کے ارادے سے متعلق مزید جانچ پڑتال کے لیے آف لوڈ کر دیا۔ دونوں مسافر پاکستانی پاسپورٹس اور سیاحتی ویزوں پر سفر کرنے والے تھے۔امیگریشن حکام کے مطابق مسافر شاہد نے دوران جانچ بتایا کہ وہ طویل عرصے سے یورپ میں مقیم رہا ہے۔ اس نے بیان دیا کہ وہ خلیل کے ہمراہ تھائی لینڈ جا کر ہم جنس شادی کرنا چاہتے ہیں جسے بعد ازاں یورپ میں رجسٹر کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔دوسرے مسافر خلیل نے بھی سفر کے بیان کردہ مقصد کی تصدیق کی۔ اس کے مطابق اس کی شاہد سے 2017 میں ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد دونوں رابطے میں رہے۔ خلیل نے مزید بتایا کہ شاہد اسے ماہانہ تقریباً 60ہزار روپے مالی معاونت بھی فراہم کرتا رہا ہے اور دونوں یورپ میں اکٹھے رہنے کے خواہش مند ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق دونوں مسافروں کے بیان کردہ سفری مقصد تھائی لینڈ کے سیاحتی دورے کی نوعیت اور ممکنہ طور پر آگے یورپ جانے کے ارادے کے حوالے سے مزید جانچ پڑتال کی ضرورت محسوس کی گئی جس کے پیش نظر انہیں آف لوڈ کیا گیا۔