کوئٹہ ( پ ر)پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈکے تعاون سے ملک میں قومی کھیل ہاکی کو نچلی سطح سے فروغ دینے، نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور ہاکی کی بحالی کے لیے شروع کیے گئے اقدامات کے تسلسل میں بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام کوئٹہ میں دو مقامات پر ہاکی تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔یہ تربیتی کیمپ نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی گراؤنڈ، ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ اور صفدر علی بابل ہاکی گراؤنڈ، گلستان ٹاؤن کوئٹہ میں منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں کوئٹہ کے 25 سرکاری و نجی اسکولوں کے 200 سے زائد طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔ان کیمپوں کا بنیادی مقصد اسکول کی سطح پر ہاکی کے کھیل کو فروغ دینا، طلبہ کی جسمانی فٹنس بہتر بنانا، کھیل کی بنیادی تکنیکوں سے روشناس کرانا اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ تربیتی سرگرمیوں کے دوران طلبہ کو ہاکی کے بنیادی اصولوں، اسٹک اور بال کے استعمال، کھیل کی مہارتوں اور جسمانی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے اسکولوں کو ہاکی کٹس اور کھیلوں کا سامان فراہم کرنے کا اقدام قومی کھیل کی بنیاد مضبوط بنانے اور تعلیمی اداروں میں ہاکی کی سرگرمیوں کو دوبارہ فعال کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے مطابق اسکولوں کی سطح پر تربیتی سرگرمیوں کا فروغ مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور صوبے میں ہاکی کے مضبوط نظام کی تشکیل کے لیے نہایت اہم ہے۔ ان تربیتی کیمپوں کے ذریعے نوجوانوں میں کھیلوں کا رجحان بڑھانے، صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے اور قومی کھیل کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے میں مدد ملے گی۔بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن، پاکستان اسپورٹس بورڈ، تعلیمی اداروں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے بلوچستان میں ہاکی کے فروغ، اسکول سطح پر ٹیلنٹ کی ترقی اور نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔