• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب کو فوجی مدد دینے کی منظوری پر مصری پارلیمنٹ میں ووٹنگ ملتوی

قاہرہ (اے ایف پی)سعودی عرب کو فوجی مدد دینے کی منظوری پر مصری پارلیمنٹ میں ووٹنگ ملتوی، اس معاملے پر بحث پیر کے روز بھی جاری رہے گی، مصری ارکانِ پارلیمنٹ کی اے یف پی سے گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق مصر کی پارلیمنٹ نے اتوار کے روز صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے سعودی عرب کی فوجی مدد کی اجازت دینے کی درخواست پر ووٹنگ ملتوی کر دی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کو دو ارکانِ پارلیمنٹ نے بتایا کہ اس معاملے پر بحث پیر کے روز بھی جاری رہے گی۔ یہ اجلاس صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے ارکانِ پارلیمنٹ سے سعودی عرب کے دفاع میں مدد فراہم کرنے کی منظوری طلب کرنے کے بعد بلایا گیا تھا، بشرطیکہ سعودی عرب کی جانب سے ایسی درخواست کی جائے۔ سعودی عرب اکتوبر کے اوائل سے یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں کے تقریباً روزانہ حملوں کی زد میں ہے۔ رکنِ پارلیمنٹ ابراہیم خلیف نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’اجلاس کا دورانیہ بڑھا دیا گیا تاکہ تمام ارکانِ پارلیمنٹ کو اظہارِ خیال کرنے اور اپنی رائے پیش کرنے کا موقع مل سکے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ارکانِ پارلیمنٹ کی اکثریت اس اقدام کی حمایت کر رہی تھی۔ پارلیمنٹ کی ایک اور رکن، مہا عبدالناصر نے کہا کہ کارروائی پیر کے روز دوبارہ شروع ہوگی، تاکہ ’’تمام ارکانِ پارلیمنٹ کو اپنی بات کہنے کا موقع دیا جا سکے۔‘‘ مصری میڈیا کے مطابق، اس معاملے پر بحث منگل کے روز بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ دونوں ارکانِ پارلیمنٹ نے بتایا کہ اس حوالے سے کوئی تفصیلات زیرِ بحث نہیں آئیں کہ مصر سعودی عرب کو کس نوعیت کی فوجی مدد فراہم کر سکتا ہے۔

دنیا بھر سے سے مزید