• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مخالفین کا شور بتا رہا ہے فضل الرحمٰن کی آواز میں اثرہے، حافظ منیر حسین احمد

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) جمعیت علمااسلام کے رہنما اورجامعہ مطلع العلوم بروری روڈ کوئٹہ کے مہتمم حافظ منیر حسین احمد نے یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہاہےکہ مسلم لیگ ن کی قیادت اگر قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرنا چاہتی ہے تو خود سامنے آئے ایک خاتون وزیراعلیٰ کو ڈھال بناکر سیاسی وار کرنا بہادری نہیں فیاض الحسن چوہان جیسے کرداروں کے ذریعے قائد جمعیت کے خلاف میڈیا ٹرائل کی کوشش کی جارہی ہے تاہم جمعیت کے کارکنان تنقید، الزامات اور سیاسی دباؤ کا مقابلہ کرنا بخوبی جانتے ہیں انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے ماضی میں بھی مخالفین کے سیاسی وار کا مقابلہ کیا ہے اور اس بار بھی ان شاء اللہ مخالفین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا اگر معاملہ مریم نواز شریف اور فیاض الحسن چوہان تک پہنچ چکا ہے تو مقتدر قوتوں کو حالات کا جائزہ لینا چاہیئے کیونکہ قائد جمعیت کے خلاف بڑھتی ہوئی تنقید اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ان کا سیاسی موقف مخالفین کے لیے قابل توجہ بن چکا ہے حافظ منیر حسین احمد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت آج محسن نقوی کے ذریعے اپنے ہی محسنوں پر الزام تراشی کروا رہی ہے لیکن سیاست میں وقتی سہارے ہمیشہ وفادار نہیں رہتے انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کل یہی محسن نقوی مسلم لیگ (ن) کے لیے ایسی مشکلات پیدا کریں گے کہ میاں صاحبان کو ایک بار پھر مولانا فضل الرحمان کے پاس جانا پڑے گا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے اصل محسنوں کو نظرانداز کرکے وقتی سہاروں پر انحصار کر رہے ہیں جو مستقبل میں ان کے لیے مہنگا ثابت ہوسکتا ہے سیاست میں اقتدار کے لیے بنائے گئے عارضی سہارے ہمیشہ ساتھ نہیں دیتے اور وقت آنے پر یہی سہارے مشکلات کا سبب بھی بن سکتے ہیں حافظ منیر حسین احمد نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کے خلاف سیاسی محاذ آرائی اور میڈیا ٹرائل سے جے یو آئی کے کارکنان کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے جمعیت اپنے اصولی موقف پر قائم رہے گی اور ہر سیاسی چیلنج کا مقابلہ کرے گی۔
کوئٹہ سے مزید