• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز لیبر بیورو کے زیراہتمام شہدا ئے سانحہ کارساز کی یاد میں شمعیں روشن

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما وزیراعلیٰ بلوچستان کے فوکل پرسن سید اقبال شاہ ، صوبائی نائب صدر اول میر ریاض شاہوانی ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حیات خان اچکزئی ، ثناء اللہ جتک ، اختر بلوچ ، پیپلزلیبر بیورو کے صدر شاہجہان گجر ، عزیز لانگو ، کوئٹہ سٹی کے جنرل سیکرٹری نعمت لالا ، سید ایوب آغا ، اکرم گل ، مٹھا خان عمرانی اور دیگر نے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو سمیت جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کارساز پاکستان کی سیاسی تاریخ کا المناک واقعہ ہے جس نے جمہوریت سے وابستگی ، سیاسی استقامت اور قومی عزم کی ایسی داستان رقم کی جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ، شہدا کا لہو پاکستان میں جمہوری اقدار کے استحکام کی جدوجہد کا روشن باب ہے ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کی شب پیپلز لیبر بیورو کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے شہدا سانحہ کارساز کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر دہشت گردی کے ذریعے انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم قوم کی عظیم رہنما کو نہ ڈرایا جاسکا اور نہ جھکایا جاسکا ۔ شہدائے کارساز نے جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے تاریخ ساز قربانیاں دیں جو جمہوری تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہے جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کا مشن عوام کی حکمرانی، مساوات، سماجی انصاف اور پرامن، خوشحال و ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر ہے، جسے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آگے بڑھا رہے ہیں۔
کوئٹہ سے مزید