کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں ‘ مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی بند کی جا رہی ہے تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے وسطی و نواحی علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ،شہریوں کاکہنا ہےکہ اعلانیہ کیساتھ ساتھ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے پانی کی فراہمی کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہےان کا کہنا ہے کہ ہم باقاعدگی سے بل ادا کرنے کے باوجود بجلی سے محروم ہیں۔ اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ سے تاجر برادری کو بھی مشکلات کا سامنا ہے جب کہ خواتین کو بھی امور خانہ داری میں بجلی کی بار بار لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کیسکو نے اضافی لوڈشیڈنگ کو معمول بنا لیا ہے۔بچے، بوڑھے اور بیمار ذہنی اذیت میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ باقاعدگی سے بل ادا کرنے کے باوجود بجلی کی طویل بندش سمجھ سے بالا ہے۔ انہوں نے کیسکو چیف سے اپیل کی کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ کیا جائے۔