• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

FBR، بدعنوانوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، رویئے اور کارکردگی میں بہتری لانے والے افسران اور عملے کو اصلاح کا موقع دیا جائے، وزیراعظم

اسلام آباد (رانا غلام قادر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر میں بدعنوانوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوگی، اپنے رویے اور کارکردگی میں بہتری لانے والے افسران اور عملے کو اصلاح کا موقع دیا جائے ، ٹیکس گیپ پر قابو پانے کیلئے ایف بی آر کی استعدادِ کار میں مسلسل بہتری لائی جائے، اصلاحات کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے ٹیکنالوجی، مؤثر تربیت، شفافیت اور جوابدہی پر خصوصی توجہ دی جائے، ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ہیں، ٹیکس وصولی کے شعبوں میں فیس لیس نظام کے نفاذ کو تیزکیا جائے، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سے طلبہ اور اساتذہ کیلئے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہونگے، حکومت معیاری تعلیم کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کریگی، لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی کیلئے نجی شعبے کو آگے بڑھنا چاہئے، لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کا پلان جلد پیش کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز ایف بی آر کی اصلاحات کے اجلاس کے دوران ان لینڈریونیو سروس کے افسران کی جانب سے ہڑتال کی کال پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ تنقید کے باجود ہم نے ا ن لینڈ ریونیو افسروں کو نئی گاڑیاں دیں، اضافی تنخواہیں دیں لیکن وہ ہڑتال کی کالیں دے رہے ہیں جو قطعی نا قابل قبول ہے، ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری رہے گا ایف بی آر کو ختم کیا جا رہا ہے۔ ایف بی آر نے کنڈکٹ رولز کی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی شروع کر دی۔ ان لینڈ ریونیو سروس کے دو افسران معطل کردیئے گئے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ان لینڈ ریونیو سروس گریڈ20 کے ایک اور گریڈ19 کے ایک افسر کو معطل کر دیا جبکہ گریڈ 20 کے دو دیگر افسران کو مزید تحقیقات کیلئے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز واپس بلا لیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید