اسلام آباد ( طاہر خلیل ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دو ٹوک موقف میں کہا کہ یمن نے فوجی معاونت کی درخواست کی تو مناسب فیصلہ کرینگے ،حرمین شریفین کا تحفظ اولین ترجیح ہے ، مذاکرات سے تصفیہ نہ ہوا تو اجتماعی دفاعی نظام لازمی طور پر فعال ہوجائے گا، سعودی عرب کی سلامتی کیلئے پاکستان کا عزم غیرمتزلزل ، مشرق وسطیٰ کے فوجی تنازع کو مزید پھیلانا کسی کے مفاد میں نہیں ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے انڈیپنڈنٹ عربیہ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ سعودی عرب کی خودمختاری،علاقائی سالمیت اورحرمین شریفین کاتحفظ ترجیح ہے، حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔انھوں نے کہا کہ حرمین شریف کا تحفظ ہرصورت میں کریں گے، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مکہ الائنس کی قیادت اورلائحہ عمل واضح ہے اس اتحاد کا کوئی بھی جارحانہ ارادہ نہیں، پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ عوام سمیت خطےمیں امن،خوشحالی پریقین رکھتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلمانوں کوآپس میں لڑنے کے بجائے متحد ہونےکی ضرورت ہے۔