راولپنڈی( جنگ نیوز) بلوچستان کے ضلع قلات اور گوادر میں فتنہ الہندوستان کیخلاف کارروائیوں کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک جبکہ پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ضلع قلات کے علاقے جتک آباد میں 18 اکتوبر کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ اس دوران سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشنز کے دوران سکیورٹی فورسز کے دستے کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے ان کی عمر 34 سال اور تعلق لاہور سے تھا۔