کراچی (نیوز ڈیسک) میٹا نے ٹرمپ مخالف تحریک کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کرنے پر معافی مانگ لی۔ اے آئی ٹول کی سرگرمی کو خودکار بوٹس کا حملہ سمجھ لیا گیا، وضاحت ناکافی قرار ،تحریک نے انتخابی مواد بھی محدود کرنے کا الزام لگایا،وسط مدتی انتخابات سے قبل میٹا سے جواب دہی کا مطالبہ،امریکا میں ہزاروں مقامات پرٹرمپ مخالف ’’نو کنگز‘‘ مظاہرےہوئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سماجی رابطوں کی کمپنی میٹا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی تحریک ’’نو کنگز‘‘ کا انسٹاگرام اکاؤنٹ عارضی طور پر بند کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔ میٹا نے وضاحت کی کہ 17 اکتوبر کو ایک اے آئی ٹول کے ذریعے صارفین کے پروفائلز، پوسٹس اور ہیش ٹیگز تک رسائی کی سرگرمی اچانک بڑھ گئی تھی، جسے کمپنی کے سکیورٹی نظام نے خودکار بوٹس کی غیرمعمولی سرگرمی سمجھ لیا اور اکاؤنٹ بند کردیا۔ اکاؤنٹ ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک بند رہا، جبکہ منتظمین کو دوبارہ رسائی دینے میں مزید وقت لگا۔