• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں ملازمت کے نام پر 3 کروڑ 87 لاکھ روپے کا مبینہ فراڈ

کراچی( ثاقب صغیر )برطانیہ میں ملازمت کے نام پر 3 کروڑ 87 لاکھ روپے کے مبینہ فراڈ کے کیس میں دو ملزمان کی قبل از گرفتاری ضمانتیں خارج ہو گئیں۔ ایف آئی اے فیصل آباد سرکل کے مطابق برطانیہ میں ملازمت دلوانے کے نام پر مبینہ مالی فراڈ کے مقدمے میں یہ اہم پیش رفت ہے۔ معزز اسپیشل جج (سنٹرل) فیصل آباد نے ایف آئی اے کی جانب سے پیش کیے گئے دلائل سننے کے بعد مقدمہ میں نامزد ملزمان ریحان بابر اور سلمان بابر کی قبل از گرفتاری ضمانتیں خارج کر دیں۔مقدمہ نمبر FIR No. 370/2026، زیرِ دفعات 17، 18 اور 22، ایمیگریشن آرڈیننس 1979، کے مطابق ملزمان پر مدعی اکمل حسین اور اس کے دو کزنز کو برطانیہ میں ملازمت دلوانے کے نام پر 3 کروڑ 87 لاکھ وصول کرنے اور جعلی سرٹیفکیٹس آف اسپانسر شپ (COS) فراہم کرنے کا الزام ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق دوران انکوائری گواہان کے بیانات، بینک ٹرانزیکشنز، کال ریکارڈنگز اور دیگر متعلقہ دستاویزی شواہد اکٹھے کیے گئے جن کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا۔ عدالت میں ایف آئی اے کی جانب سے تفصیلی قانونی دلائل پیش کیے گئے جس کے بعد دونوں ملزمان کی قبل از گرفتاری ضمانتیں خارج کر دی گئیں۔ عدالتی فیصلے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے فیصل آباد سرکل نے کوششیں تیز کر دی ہیں جبکہ ان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔

اہم خبریں سے مزید