لاہور (اپنے نامہ نگار سے)پنجاب حکومت نے جاسوسی کیلئے استعمال ہونے والے آلات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ آلات سے لیس عینکوں، پین، گھڑیوں اور دیگر ڈیوائسز پر مکمل پابندی ہو گی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جاسوسی کے آلات اور خفیہ الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال اور خرید و فروخت پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب نے شہریوں کی نجی زندگی اور ذاتی معلومات کے تحفظ کیلئے یہ اہم فیصلہ کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر خواتین اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے جاسوسی کے آلات پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جاسوسی کے آلات کے ذریعے غیر قانونی نگرانی، ہراسانی و بلیک میلنگ شکایات سامنے آئی ہیں۔