کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن اسکولز ہاکی لیگ کرائے گی جس کا مقصدر انڈر 18 و انڈر 21 قومی ٹیموں کیلئے کھلاڑی تیار کرنا ہے۔ مقابلوں کا آغاز رواں سال دسمبر سے ہوگا جہاں اسکولز ڈسٹرکٹ، زونل اور صوبائی یا علاقائی کوالیفائرز سے ہوتے ہوئے فائنل مرحلے میں پہنچیں گے۔ حتمی مقابلے جنوری میں اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔ پی ایچ ایف ترجمان کے مطابق لیگ کا بنیادی مقصد ہر سال 200 سے 250 بہترین اور باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی نشاندہی کرنا ہے تاکہ ان کی مسلسل کوچنگ اور تربیت کی جا سکے، فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 15 ہزار اور رنرز اپ کے ہر کھلاڑی کو دس ہزار روپے انعام دیا جائے گا،تیسری پوزیشن کے لئے فی کس کھلاری سات ہزار روپے انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ منتخب کھلاڑیوں کے لیے گرمیوں کی تعطیلات میں بین الاقوامی کوچز کی زیرِ نگرانی خصوصی تربیتی کیمپ لگائے جائیں گے۔