• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریاست بہاولپور کی 555 ارب کی شاہی شکار گاہ کا قانونی حق دار کون؟ متضاد دعوؤں کے پیچھے تنازع

اسلام آباد (فخر درانی) سابق ریاست بہاولپور کی شاہی شکارگاہ، کی تین لاکھ 12؍ ہزار 440؍ ایکڑ اراضی پر قانونی حق کس کا ہے؟ چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے تخمینے کے مطابق 555؍ ارب روپے مالیت کی اس اراضی پر پنجاب حکومت کا حق ہے یا پھر سابق امیر کے 23؍ قانونی ورثا اور بعد کے خریدار اس کے حق دار ہیں، جن کے دعوے حکومت کی سرپرستی میں ہونے والی تقسیم کے عمل سے جڑے ہیں؟ پنجاب کا مؤقف ہے کہ زمین لینڈ ریفارمز کے تحت واپس لے لی گئی تھی۔ کئی دہائیوں پرانے اس تنازعے کا مرکز 2003ء میں جاری ہونے والے ایک سرکاری حکم نامے میں ہاتھ سے لکھ کر شامل کیا گیا ایک لفظ، ’’تمام‘‘ (Entire) ہے۔ ریاست کا مؤقف ہے کہ زمین حکومت کی ملکیت ہے، جبکہ اس پر حقوق کے دعوے دار بعد کے انتظامی فیصلوں اور انتقالات کے ریکارڈ پر انحصار کرتے ہیں۔ ان متضاد دعوؤں نے اراضی کی قانونی حیثیت، اس کی تقسیم اور بعد ازاں ہونے والی منتقلیوں کی قانونی صحت سے متعلق کئی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ اس رپورٹ میں سرکاری ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا ہے، جس میں پنجاب حکومت اور نیب کی دستاویزات، انتظامی فیصلے اور عدالتی کارروائیاں شامل ہیں۔ اس کے ساتھ نواب خاندان کا مؤقف بھی پیش کیا گیا ہے، جو شکارگاہ کی قانونی حیثیت اور اسے واپس لینے اور بعد ازاں تقسیم کرنے کے عمل کی قانونی صحت سے متعلق حکومتی مؤقف کو چیلنج کرتا ہے۔ اس تنازعے کی جڑیں کئی دہائیاں پرانی ہیں۔ لینڈ ریفارمز کی کارروائی کے بعد شکارگاہ کو ایسی اراضی تصور کیا گیا جو ریاست نے واپس لے لی تھی۔ یہ تنازعہ 2003ء میں فیصلہ کن موڑ پر پہنچا، جب سابق نواب خاندان کی جائیدادوں کی تقسیم کے معاملے سے نمٹنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی اور ایک سرکاری حکم نامے میں ہاتھ سے ’’تمام‘‘ (Entire) کا لفظ شامل کر دیا گیا۔ اس اضافے نے اس تشریح کو مرکزی حیثیت دے دی کہ شکارگاہ بھی سابق امیر کے 23؍ قانونی ورثا میں تقسیم کی جانا چاہئے۔ اس کے نتیجے میں متنازع انتقالات، بعد ازاں اراضی کی منتقلیوں اور ملکیت کے متضاد دعوؤں کی راہ ہموار ہوئی۔ سابق نواب بہاولپور کے پوتے صاحبزادہ گزین عباسی نے حکومتی مؤقف کو چیلنج کیا ہے کہ شکارگاہ نواب صادق محمد خان کی زندگی ہی میں واپس لے لی گئی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ سرکاری خط و کتابت میں اراضی کی واپسی کے حوالے موجود ہونا بذاتِ خود کوئی قانونی طور پر معتبر حکم نامہ نہیں تھا۔ ان کے مطابق اس زمین کو غیر بندوبست شدہ اور غیر سروے شدہ قرار دیا گیا تھا اور لینڈ ریفارمز کے تحت اسے ’’صفر یونٹس‘‘ تفویض کیے گئے تھے۔ گزین عباسی نے پنجاب حکومت کے دائرۂ اختیار پر بھی سوال اٹھایا، 1968ء کے حکمِ واپسی کی بنیاد کو چیلنج کیا اور خاندان کا مؤقف سنے بغیر معاملے کی تحقیقات کرنے پر نیب کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس عمل کے نتائج آج کے تنازعے میں نمایاں ہیں۔ کاغذی ریکارڈ میں شکارگاہ اب بھی پنجاب حکومت کی جانب سے واپس لی گئی اراضی کے طور پر درج ہے۔ تاہم زمینی صورتحال یہ ہے کہ اس کے وسیع علاقے سابق شاہی خاندان کے افراد اور بااثر شخصیات کے قبضے میں ہیں یا وہ ان پر ملکیت کے دعوے کرتے ہیں۔ ان شخصیات میں سیاست دان، وکلا، ریٹائرڈ فوجی افسران اور بیوروکریٹس شامل ہیں۔ اس تحقیقات کیلئے دیکھے گئے سرکاری ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ مختلف افراد کے زیرِ قبضہ یا ان کے نام درج اراضی کا رقبہ تقریباً 100؍ ایکڑ سے لے کر پانچ ہزار 650؍ ایکڑ تک ہے۔ کمیٹی کی کارروائی کے بعد چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے سابق امیر کے 23؍ قانونی ورثا اور بعد کے خریداروں کے نام 95؍ انتقالات درج کیے۔ بعد ازاں سینئر ممبر، بورڈ آف ریونیو پنجاب نے سی ڈی اے کو متنازع انتقالات منسوخ کرنے کی ہدایت کی، جس پر اتھارٹی نے بالآخر عمل درآمد کر دیا۔ تاہم قابضین اپنے دعوؤں کی تائید میں اب بھی عدالتوں میں ان ریکارڈز کا حوالہ دیتے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق بعض علاقے عملاً عوام کی رسائی سے باہر ہیں، جہاں بااثر قابضین کی ڈیروں پر مسلح محافظ تعینات ہیں۔ چونکہ اراضی اب بھی متنازع ہے، لہٰذا اس کی مارکیٹ ویلیو کے تعین کیلئے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کی مقرر کردہ شرح لاگو کی گئی ہے اور نہ ہی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی قدر بندی استعمال کی گئی ہے۔ اس کے بجائے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اس کی مالیت 555؍ ارب روپے مقرر کی ہے اور زمین کو 4؍ اقسام میں تقسیم کیا ہے، جن میں بنجر، قابلِ کاشت اور ناقابلِ کاشت اراضی، نیز سڑکوں اور دیگر مقامات کے قریب واقع زمین شامل ہے۔ مقامی سطح پر آزادانہ طور پر قدر کا تعین کرنے والے ماہرین اس اراضی کی موجودہ مالیت 600؍ ارب روپے سے زائد بتاتے ہیں۔ ان کے مطابق قابلِ کاشت زمین کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، جبکہ ناقابلِ کاشت اراضی کی قیمتیں حالیہ برسوں میں بڑی حد تک مستحکم رہی ہیں۔ تاہم چکُوک اراضی کی قیمت زیادہ ہے۔ ان کا خیال ہے کہ تنازعہ حل ہونے اور زمین کی قانونی حیثیت متعین کیے جانے کے بعد شکارگاہ کی مالیت دگنی ہو سکتی ہے۔ اسی پس منظر میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے کئی دہائیوں پرانے اس تنازعے کی تحقیقات شروع کی ہیں۔ جولائی 2025ء میں تحقیقات کی منظوری اور اسی سال ستمبر میں اسے باقاعدہ انویسٹی گیشن میں تبدیل کیے جانے کے بعد اس معاملے پر ایک مرتبہ پھر سخت جانچ پڑتال شروع ہو گئی ہے۔ تاریخی سرکاری ریکارڈ، لینڈ ریفارمز کے فیصلوں، کمیٹی کی کارروائیوں اور عدالتی دستاویزات کا جائزہ لے کر نیب نے ان انتظامی فیصلوں کی کڑی جوڑنے کی کوشش کی ہے جن کے نتیجے میں یہ تنازعہ پیدا ہوا۔ بیورو نے اصلاحی اقدامات اور اراضی کی واپسی کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ بھی معاملہ اٹھایا ہے۔ نیب کے ریکارڈ، سی ڈی اے کی خط و کتابت اور عدالتی دستاویزات کے جائزے، نیز اس نمائندے کی جانب سے کیے گئے انٹرویوز اور دوروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ شکارگاہ کی قانونی حیثیت اور اس پر کنٹرول کے حوالے سے طویل عرصے سے تنازعہ چلا آ رہا ہے۔ مقامی ذرائع نے الزام لگایا کہ بعض بااثر افراد نے فرنٹ مینوں کے ذریعے زمین اپنے قبضے میں رکھی ہوئی ہے، تاہم اس تحقیقات کیلئے دیکھے گئے سرکاری ریکارڈ سے ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔ ریکارڈ میں افراد اور گروہوں کے ناموں کے ساتھ اراضی کے اندراجات موجود ہیں، لیکن یہ اندراجات بذاتِ خود قانونی ملکیت ثابت کرتے ہیں اور نہ ہی غیر قانونی حصولِ اراضی۔ تنازعے کا حجم سی ڈی اے کے ریکارڈ سے بھی ظاہر ہوتا ہے، جس میں شکارگاہ کے اندر مختلف قطعہ ہائے اراضی کے مقابلے میں سیکڑوں افراد اور گروہوں کے نام درج ہیں۔ اس تحقیقات کیلئے دیکھے گئے سی ڈی اے کے ریکارڈ کے مطابق، تقریباً 300؍ افراد پر مشتمل فہرست میں سے بعض افراد اور گروہوں کے نام ذیل میں درج کیے جا رہے ہیں، جن کے بارے میں ریکارڈ میں بتایا گیا ہے کہ وہ اس وقت شکارگاہ کے وسیع رقبے پر قابض ہیں یا اسے اپنے زیرِ تصرف رکھتے ہیں۔ ذیل میں ان میں سے بعض ناموں، درج شدہ رقبے اور متعلقہ بلاکس کی تفصیل دی گئی ہے۔ عظمت اللہ خان نیازی کے نام 4800؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاکس 59، 60، 78، 79، 80، 1، 21، 22، 41، 61، 20-19، 39 اور 241؍ میں واقع ہے۔ ملک مجید حسین اور ملک ظہیر حسین بھٹی کے نام 5650؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاکس 285، 286، 287، 307، 324، 325، 326، 349، 345، 346 اور 304 میں واقع ہے۔ جنرل (ر) عدنان حیدر کے نام 2800؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاکس 11، 12، 29، 30، 31، 32، 70 اور 71 میں واقع ہے۔ عباس مندوخیل اور ناصر ایس بی کے کے نام 2000؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاکس 115، 116، 135، 88 اور 89 میں واقع ہے۔ راجہ عامر حسین اور راجہ مظہر کے نام 1725؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاکس 149، 188، 169، 170، 366، 346 اور 386 میں واقع ہے۔ چوہدری بشارت آرائیں کے نام 1700؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاکس 246، 247، 266 اور 267 میں واقع ہے۔ محمد الیاس اور اعجاز مہدی کے نام 1675؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاکس 140، 161، 160، 180، 210، 211، 227 اور 386 میں واقع ہے۔ کرنل خبیب احمد کے نام 1500؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاکس 13، 33، 14، 34، 54، 71، 91، 72، 92، 53 اور 14 میں واقع ہے۔ رکن قومی اسمبلی سید سمیع الحق گیلانی اور ان کے خاندان کے نام 1250؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاکس 23، 24، 43، 62، 102 اور 123 میں واقع ہے۔ سابق وفاقی وزیر زلفی بخاری کے والد سید واجد حسین شاہ بخاری کے نام 1200؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاکس 103، 104، 122، 144 اور 181 میں واقع ہے۔ سرفراز منشی کے نام 1200؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاکس 470، 471 اور 472 میں واقع ہے۔ چوہدری بشارت آرائیں کے نام 1150؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاکس 89، 90، 451 اور 452 میں واقع ہے۔ میاں طارق وحید رمدے کے نام 800؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاکس 168 اور 148 میں واقع ہے۔ میاں شمس الرحمٰن کے نام 800؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاک 83 میں واقع ہے۔ بریگیڈیئر عبداللہ رانجھا کے نام 500؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاکس 25 اور 26 میں واقع ہے۔ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ کے والد مرحوم ملک اقبال احمد چنڑ کے نام 200؍ ایکڑ اراضی درج ہے، جو بلاک 2 میں واقع ہے۔ یہ تنازعہ 3؍ اکتوبر 1947ء کو بہاولپور کے پاکستان سے الحاق اور 17؍ دسمبر 1954ء کو مغربی پاکستان میں اس کے انضمام سے شروع ہوتا ہے۔ مرحوم امیر کی ذاتی جائیدادوں کی فہرست، جس پر 8؍ مئی 1955ء کو دستخط کیے گئے تھے، میں شکارگاہ بھی شامل تھی۔ اس کی تعریف کے مطابق یہ وہ اراضی تھی جو کالونی کے آخری مقام سے قلعہ دراوڑ تک جانے والی سڑک کے دونوں جانب 10؍ میل کے فاصلے اور قلعے کے گرد 10؍ میل کے دائرے میں واقع تھی۔ امیر کا انتقال 24؍ مئی 1966ء کو ہوا۔ سرکاری ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اراضی واپس لینے کے فیصلوں کو چیلنج نہیں کیا تھا۔ بعد ازاں 21؍ نومبر 1967ء کو لینڈ کمیشن نے ان کے جانشین کو الگ لیز یا انتظامی بندوبست کے تحت شکارگاہ کے طور پر 20000؍ ایکڑ اراضی اپنے پاس رکھنے کی اجازت دی، تاہم یہ اراضی بھی حکومت کی جانب سے واپس لیے جانے کی شرط کے تابع تھی۔ باقی زمین واپس لی جانا تھی اور اس کے معاوضے کا تعین کیا جانا تھا۔ 6؍ مئی 1968ء کو ڈپٹی لینڈ کمشنر نے باقی ماندہ اراضی واپس لینے کا حکم جاری کر دیا۔ بعد ازاں یہ تنازعہ عدالتوں میں پہنچ گیا۔

اہم خبریں سے مزید