• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر راج کے بعد 3 ایم پی او کے تحت گرفتار 150 پی ٹی آئی کارکنان رہا

پشاور(نیوز رپورٹر)پشاورہائیکورٹ نے گورنر راج کے نفاذ کے بعد 3ایم پی او کے تحت گرفتار مزید 150سے زائد پی ٹی آئی کارکنوں کوعبوری ریلیف دیتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس انعام اللہ پر مشتمل بنچ نے اکبر شیر، شہزاد، رضاءاللہ، ثاقب، احسان اللہ، مومن خان سمیت دیگردرخواست گزاروں کی 3ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلا ف دائر رٹ پٹیشن پر سماعت کی۔ اس دوران ان کے وکلاء یاسر خٹک اور اظہر رحیم خان سمیت دیگروکلاء، ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا ثناءاللہ اور متعلقہ افسران بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔عدالتی حکم نامے کے مطابق گزشتہ سماعت پر ڈپٹی کمشنرمردان کو نوٹس جاری کیا گیا تھا کہ وہ اس حوالے جواب جمع کریں کہ ان افراد کو کیوں اور کن حالات کی وجہ سے جیل میں ڈالا گیا ہے تاہم اس کے باوجود تاحال فریقین کی جانب سے رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی ہے ۔ رپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث عدالت کے پاس دوسرا ٓپشن نہیں رہتاکہ وہ موجودہ ریکارڈ کو دیکھے اور انہیں ریلیف فراہم کرے۔ عدالت نے قراردیاکہ اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے کیس میں درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کیاگیا ہے لہذا ان درخواست گزاروں کو بھی عبوری ریلیف فراہم کیاجاتا ہے اور ہر درخواست گزار کو ایک لاکھ دونفری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیاجاتا ہے ۔ عدالت نے یہ بھی قرار دیاہے کہ مذکورہ کیس عدالت میں میرٹ پر زیرسماعت رہے گا اورڈپٹی کمشنرز کو رپورٹ اورریکارڈ جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 12نومبر تک ملتوی کردی ہے ۔

پشاور سے مزید