پشاور(جنگ نیوز)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان سے مسیحی برادری کے مذہبی رہنماؤں کے ایک وفد نے اینگلیکن آرتھوڈاکس چرچ آف پاکستان کے بشپ و صدر ارنسٹ جیکب کی قیادت میں سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی۔ملاقات میں صوبے میں مسیحی برادری کی فلاح و بہبود اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف سیکرٹری نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت اقلیتوں کی بہتری، تحفظ اور ترقیاتی دھارے میں ان کی شمولیت کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری اور دیگر اقلیتوں کی فلاح کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔وفد نے حکومت کے عزم کو سراہا اور بین المذاہب ہم آہنگی اور صوبے میں کمیونٹی کی ترقی کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔