پشاور (جنگ نیوز)ڈپٹی کمشنر پشاور و ایڈمنسٹریٹر کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ آفاق وزیر نے کہا ہے کہ پشاور کے پارکوں کی خوبصورتی، تزئین و آرائش اور شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ اور کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شہریوں کو صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جبکہ پارکوں میں موجود سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لیڈیز پارک، شالیمار گارڈن اور جم خانہ کلب پشاور کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ سلیم خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن خدائے نظر، گارڈن سپرنٹنڈنٹ یاسر خان، امن باچہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر نے پارکوں کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں صفائی، خوبصورتی، تزئین و آرائش اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی تفریحی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پارکوں میں آنے والے شہریوں، خصوصا خواتین، بچوں اور خاندانوں کو بہترین ماحول اور ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔لیڈیز پارک کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ بچوں کی تفریح کے لیے پارک میں مزید جدید جھولے نصب کیے جائیں، جبکہ پارک کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پارکوں کو صاف ستھرا، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ وہاں موجود سہولیات کو بھی بہتر بنایا جائے۔