پشاور (خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری سیکورٹی، سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز نامزد اضلاع عبدالناصر کی ہدایات پر ڈائریکٹر سپورٹس نامزد اضلاع محمد جمشید بلوچ نے ڈائریکٹر آپریشنز سید جعفر شاہ کے ہمراہ سنٹرل جیل پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جیل سپرنٹنڈنٹ عمیر خان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران سنٹرل جیل پشاور میں اگلے ماہ نامزد اضلاع کے قیدیوں کے لیے سپورٹس گالا منعقد کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور ایونٹ کے انعقاد، کھیلوں کے انتخاب اور انتظامی امور سے متعلق ابتدائی منصوبہ بندی بھی کی گئی۔اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس نامزد اضلاع محمد جمشید بلوچ نے کہا کہ قیدی بھی عام شہریوں کی طرح ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور انہیں مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کھیلوں کے ذریعے قیدیوں میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک اور خود اعتمادی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس نامزد اضلاع قیدیوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔