پشاور ( لیڈی رپورٹر ) پشاور شہر میں ٹریفک ازدحام پر قابو پانے، غیر قانونی رکشوں کے خاتمے، قانونی رکشوں کے لیے قواعد و ضوابط مرتب کرنے اور اہم شاہراہوں سمیت بی آر ٹی روٹس پر رکشوں کی آمدورفت محدود کرنے کے حوالے سے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ان اقدامات کے لیے جامع حکمت عملی اور مکمل تیاری یقینی بنانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دے دی گئی ہے۔اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیر صدارت منعقد ہ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ پشاور، ٹریفک پولیس، ٹریفک مجسٹریٹس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA)، بلدیاتی حکام، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، محکمہ ایکسائز اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور میں ایک لاکھ سے زائد رکشے چل رہے ہیں، جبکہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے تقریباً 25 ہزار رکشوں کو روٹ پرمٹس جاری کیے گئے ہیں، جس کے باعث غیر قانونی رکشوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف مؤثر کارروائی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اجلاس میں ابتدائی غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئےدباؤ کو کم کرنے کے لیے رکشوں کی قانونی حیثیت کی جانچ، غیر قانونی رکشوں کے خاتمے، قانونی رکشوں کے لیے قواعد و ضوابط کی تشکیل، مختلف شاہراہوں پر رکشوں کے روٹس مختص کرنے اور آمدورفت کے اوقات مقرر کرنے کے حوالے سے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔