اسلام آباد /کراچی(ماریانہ بابر/ اپنے نامہ نگارسے/ نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹرمصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم کے ثقافتی اجلاس میں شرکت کے لئے جمعہ کو نئی دہلی پہنچ گئے ‘ مئی 2025ءمیں ہندوستان سے جنگ کےبعد کسی بھی پاکستانی وزیر کا انڈیاکایہ پہلا دورہ ہے ‘نئی دہلی میں چار روزہ تہذیبی مکالمے کا فورم ،مودی بھی اجلاس سے خطاب کرینگے، عوامی روابط اور ثقافتی تعاون پر بات ہوگی ‘بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی دہلی میں ایس سی او کے تہذیبی مکالمے سے متعلق سرگرمیوں کے بجائے مصدق ملک کی اہلیہ کے ہمراہ آمد اورممکنہ خریداری کے پروگراموں پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر مصدق ملک اپنی اہلیہ کے ہمراہ آگرہ میں تاج محل کا دورہ بھی کریں گے، تاہم نظام الدین درگاہ جانے کے لیے تاحال انہیں سکیورٹی کلیئرنس نہیں مل سکی۔ دریں اثناءمیڈیا سے گفتگو میں مصدق ملک نے اس یقین کا اظہارکیاکہ پاکستان اورانڈیا کے تمام تعلقات بہتر ہوں گے‘ خطہ اس وقت تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے اور جغرافیائی سیاست کے بنیادی خدوخال بہت تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں‘مجھے امید ہے کہ ہم وسیع تناظر میں معاملات کو دیکھیں گے اور جغرافیائی سیاست‘ غربت اور دیگر تمام مسائل پر بات چیت کے ذریعے خطے کے مشترکہ ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے‘ تہذیبی مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے‘ ثقافتیں اور تہذیبیں کسی جغرافیائی سرحد کی پابند نہیں ہوتیں۔