لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر خزانہ و پارلیمانی امور میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن کی زیر صدارت کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون سازی و نجکاری کا 42واں اجلاس پنجاب سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیش کردہ 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کے بعد تمام ایجنڈوں کی منظوری دے دی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ مؤثر قانون سازی، بہتر انتظامی نظام اور شفاف فیصلہ سازی اچھی حکمرانی کے بنیادی تقاضے ہیں۔ پنجاب حکومت عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ایسے اقدامات کر رہی ہے جن سے سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر ہو، عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور ترقیاتی عمل کو تیز کیا جا سکے۔