ملتان (سٹاف رپورٹر) ایمرسن یونیورسٹی میں دی امرسونین کی جانب سے سالانہ تقسیمِ اعزازات کی تقریب منعقد ہوئی، جسکے مہمان خصوصی جاپان کے سفیر اکاماتسو تھے انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان پاکستان کا ایک قدیم، تاریخی اور ثقافتی اہمیت کا حامل شہر ہے، جس کی تہذیب، روایات اور مہمان نوازی قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ نوجوان نسل کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہے اور انہیں معیاری تعلیم، تحقیق اور جدید علوم کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے طلبہ کو محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ایمرسن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر حسان خالق قریشی نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی اصل پہچان اس کے قابل اور کامیاب طلبہ ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ گولڈ میڈلز حاصل کرنیوالے طلباء و طالبات کی کامیابیاں دیگر طلبہ کیلئے مشعلِ راہ ہیں، ایمرسونین کے صدر ڈاکٹر ہارون خورشید پاشا نے کہا کہ تعلیم کے فروغ اور مستحق طلبہ کی معاونت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ مہمانِ اعزاز صدر چیمبر آف کامرس خانیوال آصف مجید نے کہا کہ دی ایمرسونین ایک فلاحی پلیٹ فارم کے طور پر قابلِ تحسین خدمات سرانجام دے رہی ہے انہوں نے اس موقع پر دی ایمرسونین کے فلاحی کاموں میں تعاون کے لیے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔جنرل سیکرٹری پروفیسر علی سخنور نے اپنے خطاب میں کہا کہ دی امرسونین کا بنیادی مقصد تعلیم سے وابستہ رہنا، اس کی ترقی میں کردار ادا کرنا اور نئی نسل کی تعلیمی و اخلاقی رہنمائی کرنا ہے۔