ملتان (سٹاف رپورٹر)آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے معاونخصوصی شیخ صلاح الدین نے اسلام آباد میں فیڈریشن کے تاحیات جنرل سیکرٹری ٹکا خان عباسی سے ملاقات کی، ملاقات میں اسلام آباد اخبار مارکیٹ کی جبری بندش کے باعث اخبار فروش کو درپیش مشکلات، مارکیٹ کی بحالی اور اس سلسلے میں اب تک کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر ٹکا خان عباسی نے کہا کہ اسلام آباد اخبار مارکیٹ کی بحالی کے لیے ملک کے تمام بڑے صحافتی اداروںنے بھرپور ساتھ دیاجس پر ہم ان کے بے حد مشکور ہیں، بالخصوص آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے صدر سید سرمد علی اور اعجاز الحق نے مشکل وقت میں جس خلوص اور بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے،اسی طرح تمام اخبارات کی جانب سے اخبار مارکیٹ کی بحالی کے حق میں اشتہارات کی اشاعت بھی ایک قابلستائش اقدام ہے۔اس مشکل مرحلے پر اخبار فروش برادری کا باہمی اتحاد اور یکجہتی انتہائی خوش آئند ہے، ہم اخبار مارکیٹ کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد پوری استقامت کے ساتھ جاری رکھیں گے، اس موقع پر شیخ صلاح الدین نے کہا کہ ملتان اخبار فروش یونین ان مشکل حالات میں آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن اور اسلام آباد اخبار فروش یونین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،اخبار فروش برادری کے حقوق اور اسلام آباد اخبار مارکیٹ کی بحالی کے لیے فیڈریشن کی جانب سے جو بھی ذمہ داری سونپی جائے گی، اسے بھرپور انداز میں ادا کیا جائے گا،ملاقات میں صدر اسلام آباد اخبار فروش یونین چوہدری محمد شریف اور چوہدری اکبر بھی موجود تھے۔